کولمبو (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو عسکریت پسندی کمزور معیشت ،غربت اور توانائی کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن روشن مستقبل کیلئے پرعزم ہیں۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں دولت مشترکہ سربراہی اجلاس شروع ہو گیا، رنگا رنگ تقریب میں تمام ممالک کے سربراہان اور ان کے نمائندوں کے نام انفرادی طور پر پکارے گئے۔ وزیراعظم نواز شریف اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ برطانوی شہزادہ چارلس میزبان سری لنکا کے صدر مہندا راجاپاکسے کے ہمراہ تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے۔۔۔ اس موقع پر مقامی روایتی رقص پیش کیا گیا۔
سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسے نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں انتہا پسندی اور دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ دولت مشترکہ کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مسلسل قدرتی آفات کا بھی سامنا ہے لیکن حکومت اور عوام درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے اور روشن مستقبل کیلئے پرعزم ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی دولت مشترکہ ملکوں کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ حکومت تمام پاکستانیوں کو ترقی کے یکساں مواقع دینے پر یقین رکھتی ہے۔ دولت مشترکہ اجلاس میں 53 ممالک کے سربراہان اور ان کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔۔