نیویارک (جیوڈیسک) چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کی کوششوں کو فروغ دیا جا رہا ہے تا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
سینیٹ کے چیئرمین اور پاکستانی پارلیمانی وفد کے رہنما سید نیئر حسین بخاری نے یہ بات نیویارک میں بین الپارلیمانی یونین اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے مختلف پہلوئوں کی کوششوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جن میں امیر اور غریب کے درمیان عدم مساوات کے خاتمے ماحولیاتی نقصانات سے بچائو اور سماجی سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کی کوششیں شامل ہیں۔
نیئر بخاری نے کہا کہ مستقبل کی منصوبہ بندی میں اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافے کو اولین اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے پاکستان جیسے ملکوں کی صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرائی جنہیں میلینئیم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے غربت کے خاتمے کی کوششوں میں مشکل صورتحال و حالات اور دوسری مشکلات کا سامنا ہے۔