راولپنڈی واقعہ ملک میں فسادات کرانے کی سازش ہے آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی : یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں ہونے والے افسوسناک سانحہ میں ہونے والی ہلاکتوں اور مساجد و امام بارگاہ نذرآتش کئے جانے کے واقعات پر مذمت و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو سیکریٹری فائنانس شاہد قریشی انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سیداوروصی الدین و دیگر نے اسے ملک میں مسلکی منافرت پھیلانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غلامان محمد اور محبان اہلبیت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔

تمام مسلمان و اہل ایمان محمد و آل محمد ماننے اور چاہنے والے ہیں مگر پاکستان دشمن عناصر مسلمانوں کے درمیان فروعی اختلافات کو فروغ دیکر قوم کو منتشر کرنا اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور راولپنڈی واقعہ انہی پاکستان دشمنوں کی سازش کا نتیجہ ہے جو حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت کی ناکامی اور ناکافی حفاظتی انتظامات و اقدامات کے باعث کامیاب ہوئی۔

طاہر حسین سید نے کہا کہ مشرف نے دہشتگردوں اور پاکستان دشمنوں سے ملک و قوم کو نجات دلانے کیلئے جو مستحسن اقدامات کئے تھے انہیں عوا م دشمنوں کی جانب سے عیر آئینی و غیر قانونی قرار دیئے جانے اور ملک و قوم کو محفوظ و خوشحال بنانے کو مشرف کا جرم قرار دیکر ان پر غداری کا مقدمہ چلانے کے اقدامات کی وجہ سے دہشتگردوں کے حوصلوں کو مہمیز ملی اور آج پھر پورا ملک دہشتگردانہ کاروائیوں کی لپیٹ میں ہے۔

وہ بڑی آسانی سے مسلکی منافرت وفروعی اختلافات کو جنم دیکر قومی و ملی وحدت کو پارہ پارہ کررہے ہیں اگر وطن عزیز کو دہشتگردی اور عدم استحکام سے بچانا ہے تو پھر مشرف کی پالیسیوں کا اعادہ وتجدید اور مشرف کوپھر سے اقتدار میں لانا ناگزیر ہے۔