مجلس وحدت مسلمین کا جمعہ کے روز یوم احتجاج کا اعلان

Muneeb-ur-Rahman

Muneeb-ur-Rahman

اسلام آباد (جیوڈیسک) مفتی منیب الرحمان نے قوم سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ مفتی محمد نعیم کا کہنا تھا کہ سانحہ کی براہ راست ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین نے جمعہ کے روز یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ وہ تمام متاثرہ طبقوں سے صبر و استقامت کی اپیل کرتے ہیں۔ دارالعلوم بنوریہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی کی براہ راست ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی نے سانحہ کے ذمہ داروں کو غیر ملکی ایجنٹ اور اسلام اور پاکستان کے دشمن قرار دیا۔

جماعت الدعوۃ پاکستان کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے جسے بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ لاہور میں ہونے والے شیعہ سنی علماء اور اکابرین کے مشترکہ اجلاس میں سانحہ راولپنڈی کو حکومتی غفلت کا نتیجہ قرار دیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ ناصر عباس نے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات عدالتی کمیشن سے کرانے کی تائید کی۔

انہوں نے جمعہ کے روز یوم احتجاج منانے کا اعلان بھی کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اتحاد بین المسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ راولپنڈی نے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج خراب کیا ہے، ذمہ داروں کیخلاف بلا تفریق کارروائی ہو گی۔