سانحہ راولپنڈی کے ملزموں کی گرفتاری کے لئے پولیس کے چھاپے

Police Raid

Police Raid

راولپنڈی (جیوڈیسک) سانحہ راولپنڈی کے ملزموں کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیموں نے کارروائیاں شروع کر دیں، متعدد مشتبہ افراد کو پکڑ لیا گیا، چھاپہ مار ٹیمیں پاراچنار اور گلگلت بلتستان بھی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو ابتدائی معلومات فراہم کر دی ہیں جس کے مطابق دس محرم کے جلوس کے دوران مدرسہ تعلیم القرآن پر دو سو سے زائد افراد نے دھاوا بولا، ہنگامہ آرائی میں شریک ڈیڑھ سو کے قریب افراد کا تعلق دیگر شہروں سے ہے۔

بوائز ہاسٹلز میں رہائش پذیر طالبعلموں کے کوائف بھی اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔سی سی ٹی وی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی فوٹیج سے حملہ آوروں کی شناخت بھی کی جا رہی ہے۔ پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں پاراچنار اور گلگت بلتستان بھی جائیں گی، ملزموں کی گرفتاری کے لئے خفیہ ادارے بھی پولیس کی معاونت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ہنگامے کے دوران جن پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھینا گیا، ان کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔