بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کیلئے الیکشن کمیشن کا اجلاس آج ہو گا

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے تینوں صوبوں اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لئے آج اجلاس طلب کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر غور کیاجائے گا۔ بیلٹ پیپرز اور مقناطیسی سیاہی کی تیاری سے متعلق امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کی انتخابی فہرستیں غیر منجمد کر دی ہیں جو بلدیاتی انتخابات کے نئے شیڈول کے اجرا تک غیرمنجمد رہیں گی۔ سندھ حکومت نے 18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت کر لی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات مارچ کے دوسرے یا تیسرےہفتےمیں کرانے کے لیے تیارہے۔