الیکشن کمیشن کی پنجاب میں 30،سندھ میں 18جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تجویز کر دیا،سندھ میں 18 اور پنجاب میں 30 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دے دی گئی۔

صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس کی صدارت قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری دفاع کو توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ چیف سیکرٹریز کو دکھایا گیا،مجوزہ شیڈول کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات اٹھارہ جنوری اور پنجاب میں تیس جنوری کو ہوں گے۔

بلدیاتی انتخابات کے شیڈول انتیس نومبر کو جاری کیا جائے گا،کاغذات نامزدگی دس سے تیرہ دسمبر تک وصول کئے جائیں گے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال پندرہ سے انیس دسمبر تک ہو گی۔ ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف اپیل بیس سے اکیس دسمبر تک دائر ہو سکے گی،اپیلوں پر فیصلے بائیس سے پچیس دسمبر تک ہوں گے۔

امیدوار کاغذات نامزدگی چھبیس دسمبر تک واپس لے سکیں گے جبکہ چھبیس دسمبر کو حتمی فہرست جاری کی جائےگی۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا تھا کہ صوبوں نے الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بغیر سپریم کورٹ کو تاریخیں دے دیں تاہم صوبوں کی تیاری مکمل نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل دوسوبیس کے تحت انتظامی ادارے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔