لاہور (جیوڈیسک) بیسویں صدی کی اُردو شاعری میں اقبال کے بعد نمایاں ترین نام فیض احمد فیض کا ہے، فیض نے آزادی اور انسانی حقوق کی آواز کچھ اس طرح بلند کی کہ وہ سب کی آواز بن گئے۔
تیرہ فروری سن انیس سو گیارہ کو سیالکوٹ کے نواح میں فیض احمد فیض پیدا ہوئے، انہوں نے تاریخ، فلسفہ اور ادب کا مطالعہ کیا۔ترقی پسند تحریک کے ایک سرگرم رکن رہے اور اخبار پاکستان ٹائمز کے پہلے مدیر اعلیٰ بھی رہے۔
فیض احمد فیض امن کی خاطر لڑتے رہے تھے، اپنی سرگرمیوں کے لیے انہیں جیل بھی جانا پڑا تھا۔انسانیت سے پیار بھری ان کی شاعری کا کئی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے۔فیض احمد فیض کو جدید دور کا سب سے بڑا اردو شاعر سمجھا جاتا ہے۔ فیض کی شاعری رومان اور انقلاب کے کئی رنگ سمیٹے ہوئے ہے۔
فیض نے غزل میں ایک اچھوتا انداز اپنایا اور معاشرے کے تمام اہم معاملات کو اپنا موضوع بنایا۔ الفاظ کو محبت اور انقلاب کے موتیوں میں پرو دینے والے اردو زبان کے شاعر فیض احمد فیض آج ہم میں تو نہیں تاہم ان کے شعری مجموعے اور ان کا کلام آنیوالی نسلوں کے لئے بھی ایک مثال ہے۔