راولپنڈی (جیوڈیسک) سانحہ راولپنڈی کے بعد پولیس اور حساس اداروں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر کی گرفتاریاں جاری ہیں۔ جلاؤ، گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پانچ اہم ملزم گرفتار کئے جا چکے ہیں۔
گرفتار ملزموں میں دو سگے بھائی اور ان کا والد بھی شامل ہے۔ ملزمان نیئر، طیب اور ان کے والد منور کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کرنے کے بعد ویسٹریج کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے 60 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور اب تک 10 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2 ملزمان ناصر اور طاہر کو بھی حراست میں لیا ہے۔
دوسری طرف آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی سکندر حیات کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ایس ایس پی سکندر حیات کو سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔