احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کی اجازت نہیں دی جائے گی، رانا ثنا اللہ

Rana Sana Ullah

Rana Sana Ullah

راولپنڈی (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج کی آڑ میں کسی کو شرپسندی کی اجازت نہیں دیں گے، سیکورٹی پولیس دے گی فوج انکی مدد کے لیے پورے پنجاب میں موجودہ ہو گی۔

کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کے بعد پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور سخت سزا دی جائے گی۔ شرپسند نہ اہل سنت ہیں نہ اہل تشیع یہ صرف ملک دشمن ہیں۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے خلاف جمعہ کو احتجاج کرنے والے شرکا کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ تاہم پر امن احتجاج کی آڑ میں کسی کو شرپسندی کی اجازت نہیں دیں گے۔

قبل ازیں وزیر قانون پنجاب نے کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جمعتہ المبارک کے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلیے راولپنڈی میں فوج، رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔