آل کراچی فیصل انوٹیشن فٹ بال ٹورنامنٹ رئیس برادرز کی فائنل تک رسائی ،سیمی فائنل میچ میں گلستان ویلفیئر سینٹر کو شکست

کراچی: بابل اسپورٹس کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال اسٹیڈیم میں جاری آل کراچی فیصل انوٹیشن فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل شہر کراچی کی معروف فٹ بال ٹیم رئیس برادرز نے ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد مد مقابل ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم گلستان ویلفیئر سینٹر فٹ بال کلب کو 2-1سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پہلے سیمی فائنل میچ میں کھیل کے دوران ابتداہی سے دونوں ٹیموں نے نہایت عمدہ کھیل سے شائقین فٹ بال سے بھر پور داد وصول کی کھیل کے پہلے ہاف میں رئیس برادرز کو محمد رئیس کے گول کی بدولت 1-0سے سے برتری حاصل تھی جبکہ دوسرے ہاف میں رئیس برادرز کی جانب سے افضل مرزا نے پنی ٹیم کی جانب سے مزید ایک گول اسکور کرکے مقابلہ 2-0کردیا تاہم کھیل کے آخری لمحات میں گلستان ویلفیئر سینٹر فٹ بال کلب کی جانب سے انٹرنیشنل کھلاڑی احمد نے گول کرکے اپنی ٹیم کے خسارے میں کمی کی اس طرح رئیس برادرز نے ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 2-1کے مارجن سے جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔سیمی فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) جدہ سعودی عرب کے سیکریٹری جنرل محبان وطن اور چیئر مین القدوس ویلفیئر ٹرسٹ بین الاقوامی شہر یافتہ قاری عبدالماجد کا تعارف دونوں ٹیموں سے کرایا گیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قاری عبدلماجد نے کہاکہ اسپورٹس مین ملک اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

ان ہی کی بدولت ملک اور قوم کا نام بیرون دنیا روشن ہوتا ہے انہوں نے ٹورنامنٹ کمیٹی کو کھیل کے فروغ اورسرپرستی کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا اس موقع پر منیر شیرازی،کورنگی محمڈن کے روح رواں ڈاکٹر محمد شریف ،کراچی ککرز کے چیئر مین قمر یار خان و دیگر موجود تھے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ریفری کے فرائض محبوب الرحمن ،سعید عالم اور مفیس نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر عبداللہ تھے۔