اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح اب حکومتوں کی اکھاڑ پچھاڑ کے حق میں نہیں، پنجاب کی طرح تمام صوبوں کے ساتھ نیک نیتی سے چل رہے ہیں۔
2025ء وژن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ احسن اقبال کو 2025 کا وژن پیش کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت پر کوئی سیاست نہیں ہو گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر میرے وزیر اعظم ہیں، میری جماعت نے آزاد کشمیر حکومت بدلنے کی کوشش نہیں کی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کو یقین دلایا کہ ہم انکی حکومت نہیں بدلیں گے، کبھی ہم اکھاڑ پچھاڑ کے حق میں تھے اب نہیں ہیں۔ بے نظیر سے طے پانے والے میثاق جمہوریت پر اب بھی قائم ہیں۔انھوں نے کہا کہ سڑکوں پر آ کر حکومتیں ختم کرنے کا کام ختم کر دیا، صوبای حکومتوں کو کام کرنے کا موقع ملنا چاہئے، سندھ میں قائم علی شاہ کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا وزیر اعلیٰ کے ساتھ وہی رویہ ہے جو شہباز شریف کے ساتھ ہے۔
پاکستان نے سرے سے اپنی سیاست کا آغاز کر رہا ہے۔ صوبوں میں مخالف جماعتوں کی حکومت ہے انکی مدد کر رہے ہیں۔ پنجاب سمیت تمام صوبای حکومتوں کے ساتھ نیک نیتی سے چل رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ریاست کے مفاد کے لیے پارٹی کا مفاد مد نظر نہیں رکھا جائے گا، اختر مینگل کی حکومت ختم کرنے پر افسوس ہے۔