راولپنڈی (جیوڈیسک) فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات مکمل کر لیں، کمیٹی نے سانحہ کو پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ قرار دے دیا۔
نجم سعید کی سربراہی میں قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات مکمل کر کے حتمی رپورٹ مرتب کرنا شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے چالیس سے زائد افراد کے بیانات قلم بند کیے۔
پولیس افسروں، آرپی او، سی پی او، ایس ایس پی آپریشن، ایس پی سیکورٹی، ایس پی راول ٹاؤن، ایس پی سی آئی اے اور ایس پی ٹریفک راولپنڈی کے بیانات قلم بند کیے گئے۔ کمیٹی نے کمشنر اور ڈی سی او راولپنڈی کے بیانات بھی قلم بند کیے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ سانحہ راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے۔
سینئر پولیس افسر صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔ پولیس افسروں کا آپس میں رابطے کا بھی شدید فقدان تھا۔ کمیٹی نے غفلت کے مرتکب افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔