کراچی: گینگ وار کا اہم ملزم بابا گولڈن سمیت 2 افراد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کے ملزم بابا گولڈن اور ثنا نیازی ہلاک ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو سیاسی کارکن ناظم آباد سے پکڑے گئے۔

لیاری کا علاقہ ایک مرتبہ پھر گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج رہا ہے۔ بغدادی چیل چوک، نوالین اور پھول پتی لین کے علاقوں میں گینگ وار کے دو گروہوں کے ارکان ایک دوسرے پر گولیاں برسانے لگے جس میں گینگ وار کا اہم رکن بابا گولڈن ہلاک ہو گیا۔ پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب مقتول کا تعلق شیراز کامریڈ گروپ سے تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔

گولیاں چلنے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقہ مکین محصور ہو گئے۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہو گئے۔ گزشتہ تین روز سے علاقے میں دونوں گروہوں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کی جا رہی ہے جس سے علاقے کی لوگوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں رینجرز کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ انٹیلی جنس اطلاع پر رینجرز نے ناظم آباد میں چھاپہ مارا اور دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دونوں ملزموں کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جا رہا ہے۔ ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔