ڈاکٹر فائی کی رہائی سے تحریک آزاد ی کو نئی تقویت ملے گی۔ علی شاہنواز، کشمیری سکنڈی نیوین کونسل
Posted on November 25, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
معروف کشمیری رہنما اور لابسٹ ڈاکٹری غلام نبی فائی کی امریکی جیل سے رہائی سے تحریک آزادی کو ایک نئی جلا ملے گی، اس وقت ان جیسی ایک شخصیت کی کمی بہت شدت سے محسوس کی جارہی تھی جو بین الاقوامی محاذ خاص طور پر امریکہ میں کشمیریوں کی آواز موثر طریقہ سے اٹھا سکے۔
ان خیالات کا اظہار کشمیری سکنڈی نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار علی شاہنواز نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرغلام نبی فائی کا شمار موجودہ تحریک آزادی کے بانیان میں کیا جاتا ہے اور انھوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے سہ فریقی حل پرزور دیا ہے۔ ورجینیا کی عدالت کے جج نے بھی کشمیری عوام کے لیے بے پناہ خدمات پر ڈاکٹر فائی کو رہائی کے حکم نامے میں کھلے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
علی شاہنواز کا مذید کہنا تھا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ واشنگٹن یا لندن میں کشمیری رہنماو ں کی خصوصی نشست کا اہتما کے جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر درست طور پر پیش کرنے کے لیے ایک نئی حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دنیا پر واضح کرنا ہو گا کہ کشمیر میں لوگ خصوصاً نوجوان دوبارہ عسکریت پسندی کی طرف مائل ہو رہے ہیں کیونکہ دنیا نے ان کی پرامن جدو جہد کو صیح مقام نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن اور دیگر علاقوں میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت ایک مرتبہ پھر کشیدگی کی طرف بڑھ رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام بے پناہ مشکلات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
علی شاہنواز کا کہنا تھا کہ کشمیری سکنڈی نیوین کونسل مستقبل قریب میں ناروے اور دیگر قریبی ممالک میں سیمیناورں، کانفرنسوں اور راونڈ ٹیبلز کے ذریعہ دنیا کو کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرے گی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com