کراچی (جیوڈیسک) جنرل اشفاق پرویز کیانی کی قیادت میں پاکستان آرمی نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ عوام ان کی اِس کارکردگی سے کس حد تک مطمئن ہیں۔
ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے میں پاکستانی افواج کا کردار بہت اہم ہے۔ بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملک کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لئے کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ؟
عوام کیا رائے رکھتے ہیں یہ جاننے کیلئے جیواُردو نے گیلپ پاکستان کے تعاون سے ملک کے چاروں صوبوں میں سروے کیا، جس میں 18 سو سے زائد افراد کی رائے لی گئی۔
سروے میں عوام سے سوال کیا گیا کہ آپ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں سے کس حد تک مطمئن ہیں؟
جواب میں 26 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں سے بہت زیادہ مطمئن ہیں جبکہ 43 فیصد ان سے کسی حد تک مطمئن نظر آئے۔
البتہ سروے میں 9 فیصد افراد ایسے تھے جو ان کی کوششوں سے بالکل بھی مطمئن نہیں تھے جبکہ 18 فیصد کسی حد تک غیر مطمئن تھے۔4 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔
جس کے بعد عوام سے مزید سوال کیا گیا کہ ایبٹ آباد واقعے کے بعد پاکستانی افواج میں پیدا ہونے والی صورتحال میں جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جو کارکردگی دکھائی آپ اس سے کس حد تک مطمئن ہیں؟
جواب میں 69 فیصد افراد ان کی اس کارکردگی سے مطمئن نظر آئے۔ 69 فیصد میں سے 24 فیصد بہت زیادہ مطمئن جبکہ 45 فیصد کسی حد تک مطمئن تھے۔ البتہ سروے میں 8 فیصد افراد ایبٹ آباد واقعے کے بعد ان کی کارکردگی سے بہت زیادہ غیر مطمئن جبکہ 22 فیصد کسی حد تک غیر مطمئن تھے۔ 1فیصد نے اس سوال کاکوئی جواب نہیں دیا۔
جس کے بعد عوام سے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بھارت اور امریکا سے تعلقات بہتر بنانے کے لئے ادا کیے جانیوالے کردار پر بھی رائے مانگی گئی اور سوال کیا گیا کہ کیا جنرل کیانی نے پاک بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کے لیئے کوئی کردار ادا کیا ہے؟
جواب میں 64 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ جنرل کیانی نے پاک بھارت تعلقات کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا ہے جبکہ 36 فیصد کا خیال تھا کہ انہوں نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ سروے میں عوام سے پھر پوچھا گیا کہ آپ کے خیال میں کیا پاکستان اور امریکا کے تعلقات بہتر بنانے میں جنرل کیانی نے کوئی کردار ادا کیا ہے؟ جواب میں63 فیصد کا کہنا تھاکہ جنرل کیانی نے پاک امریکا تعلقات بہتر بنانے میں کردار ادا کیا ہے، جبکہ 36 فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ ایک فیصد نے اس سوال کاکوئی جواب نہیں دیا۔