اغیار کی غلامی سے نجات کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا: سعد رفیق
Posted on November 27, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اغیار کی غلامی سے نجات کے لئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا، تمام مکاتب فکر کو اکٹھے ہو کر ملک کی بہتری اور خوشحالی کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام ناصر باغ میں فیملی فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ فوجی آمروں کے شب خون اور زرد جمہوریت نے قوم کو کشکول تھامنے پر مجبور کیا ہے، قوم کو جدید علوم میں ترقی کرنا ہوگی، جذباتی باتوں سے ملک نہیں چلتے ملک چلانے کے لئے بدعنوانی ، رشوت اور کرپشن سے نجات حاصل کرنا ہوگی، اسلامی جمعیت طلبہ کا پیغام اور دعوت میرے لئے نئی نہیں ، میری تربیت اسلامی جمعیت طلبہ نے کی جس پر مجھے فخر ہے،سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے تو ہو سکتا ہے لیکن سبھی کی منزل ایک ہی ہے سب پاکستان بچانے کے لئے جد دجہد کر رہے ہیں ،جمعیت نے ہمیشہ ملک اور قوم کو دیانت دار افراد مہیا کئے ہیں ،سب لوگ اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں تو یہ ملک سنور سکتا ہے، وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ کمال اتا ترک کے دور میں یورپ کا مرد بیمار ترکی آج طیب اردگان کا ترقی یافتہ اور خوشحال ترکی بن چکا ہے،سپر پاور نے اپنے مفادات کے حصول کے لئے پاکستان کو وار زون بنا دیا ہے۔
ایک طرف امریکہ ڈرون کے ذریعے حملے کر رہا ہے دوسری طرف طالبان کے خود کش حملے دونوں صورتوں میں پاکستانی ہی شہید ہو رہے ہیں، اس موقع پراسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لئے ایک راستہ دینے کی ضرورت ہے، ملک کو مختلف قسم کے نظاموں نے تقسیم کر کے رکھ دیا ہے، مدرسہ سسٹم سے لے کر ایلیٹ کلاس کے لئے نظام تعلیم سبھی نظاموں نے ملک کی جڑیں کھوکھلے کر دی ہیں، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ، ملک کی تعمیر کے لئے قومی یک جہتی کی ضرورت ہے تمام طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر جد وجہد کرنی ہوگی اس وقت قوم کو محب وطن سچے اور باکردار طالب علموں کی ضرورت ہے، صدر پریم یونین حافظ سلمان بٹ نے کہا ہے کہ فیملی فیسٹیول جیسی سرگرمیوں کا انعقاد ملک کے نوجوان طلبہ کو مثبت سرگرمیوں کے طرف لے جاتا ہے، جب جب ملک کے نطرئیے پر کسی نے حملہ کیا اسلامی جمعیت طلبہ اس کے آگے سییسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور مدثر احمد شاہ نے لاہور جمعیت کے دو ماہ سے جاری سرگرمیوں کی تفصیلات بتائیں اور مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت نے ہمیشہ ملک کے ہونہار طلبہ کی قدر کی اور ان کے کردار میں مثبت رنگ بھرے ہیں #
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com