چکوال کی خبریں 26/11/2013

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چکوال شہر میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول کی برانچ جو کہ ریلوے روڈ پر واقع ہے طالبعلم مین تلہ گنگ روڈ کو کراس کرتے ہیں لیکن روڈ پر سپیڈ بریکر نہ ہونے کی وجہ سے ہر وقت حادثے کا رہتا ہے لہذا ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ روڈ کے دونوں طرف شیل پٹرول پمپ کے سامنے سپیڈ بریکر لگائے جائیں تاکہ گاڑیوں کی رفتار آہستہ ہوجائے اور حادثات سے بچا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلم لیگ ن کے لئے اپنی جوانیاں لٹانے والے مسلم لیگی راہنمائوں چوہدری خالق منوال اور چوہدری طاہر اقبال آف تھنیل فتوحی کے مقابلے میں مسلم لیگی قیادت کو کسی امیدوار کی سپورٹ نہیں کرنی چاہیے کیونکہ مذکورہ رہنمائوں نے اپنے آبائو اجداد سے لے کر ایک طویل عرصے تک مسلم لیگ کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں خصوصاً2002ء میں جب اس یونین کونسل میں مسلم لیگ ن کے پاس چوہدری طاہر اقبال ان کے چچا چوہدری حبیب خان کے علاوہ کوئی کارکن نہ تھا تب بھی مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے بلوکسر یونین کونسل سے کامیاب کروایا، 2008ء کے الیکشن میں کاروان نجات نکال کر مسلم لیگ کو تاریخی کامیابی دلوائی لہذا مسلم لیگ ن کو ہوش کے ناخن لے کر اپنے ان قیمتی رہنمائوں کو راضی کرکے ان کی حمایت کا اعلان کرنا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چکوال(اعجاز بٹ سے)ڈی سی او چکوال یاور حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آج علی الصبح فروٹ اور سبزی منڈی کا اچانک دورہ کیا ان کے دورے کا مقصد سبزی وفروٹ منڈی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے بولی کے عمل کو چیک کرنا تھا اس موقع پر ڈی او ای اینڈ آئی پی ای ڈی او اور ڈی او زراعت سیکرٹری پرائس کنٹرول کمیٹی سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ افسران واہلکارن بھی موجود تھے، ڈی سی او چکوال نے اپنے دورہ کے دوران سبزی وفروٹ منڈی میں مختلف آڑھت اور دکانوں پر گئے اور بولی کے تمام عمل کا تفصیلی معائنہ بھی کیا، انہوںنے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو منڈی میں روزانہ آنے والی تمام اشیاء کا تفصیلی اندراج کا رجسٹرڈ تیار کرنے کا بھی حکم دیا، انہوںنے ہدایت کی کہ شہر کے اہم چوکوں اور چوراہوں پر بڑے بڑے سائز کے بورڈ لگائے جائیں اور ان پر اشیاء صرف کی قیمتوں کے بارے میں آگاہی آسانی سے میسر آسکے، ڈی سی او چکوال نے اپنے دورہ کے دوران سبزی وفروٹ منڈی میں بولی کے عمل کے طریقہ کار پر اپنے اطمینان کااظہار کیا انہوںنے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی چکوال مارکیٹ کمیٹی چکوال اور آڑھتی صاحبان سے کہا کہ سبزی وفروٹ منڈی میں بولی کے عمل کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے اور اشیائے خوردونوش کے ریٹ کا تعین اس طرح کیا جائے جس سے عام صارفین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال چکوال ڈاکٹر منیر احمد لنگاہ کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کے لئے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ڈی ایس پی تلہ گنگ خان افتخار الحق، ایس ایچ او تھانہ ڈھڈیال چوہدری اثر علی، سب انسپکٹر انچارج سی ٹی ڈی راجہ کوثر اور دیگر پولیس افسران نے فاتحہ خوانی کی، دریں اثناء مسلم لیگ ن ضلع چکوال کے صدر چوہدری لیاقت علی خان، لیفٹننٹ جنرل (ر)عبدالمجید ملک، ایم این اے میجر(ر)طاہر اقبال اور دیگر شخصیات نے بھی ڈاکٹر منیر احمد لنگاہ سے تعزیت کااظہار کیا،
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سول جج چکوال احمد حیات کی والدہ انتقال کرگئیں، انھیں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں بھیرہ شریف کے قریب واقع گائوں گھنگھوال میں سپردخاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں جج صاحبان، وکلاء اور دیگر شخصیات نے شرکت کی، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار چوہدری محمد زبیر ایڈووکیٹ، سابق سیکرٹری بار چوہدری غلام جیلانی منہاس ایڈووکیٹ، ملک آصف ایڈووکیٹ، چوہدری شعیب طارق ایڈووکیٹ، اختر محمود ملک ایڈووکیٹ اور دیگر نے تعزیت کااظہار کیا ہے،
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا، فائرنگ سے دوسرے گھر میں موجود ایک لڑکی شدید زخمی ہوگئی، پچنند میں مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کردی جس سے راشد محمود جاں بحق ہوگیا، فائرنگ سے ایک گولی دوسرے گھر میں موجود ایک لڑکی یاسمین اخترکو جالگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔