اسلامی جمعیت طلبہ نے بلایا تو مجھے لگا کہ پاکستان نے بلا لیا: سہیل احمد عزیزی

لاہور : سنیئر آرٹسٹ سہیل احمد عزیزی نے کہا کہ اس وقت ملک جن حالات سے گذر رہا ہے ایسے حالات میں طلبہ کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، معاشرے کی تعمیر میں طلبہ کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت لاہور کے زیر اہتمام فیملی فیسٹیول کے دوسرے دن منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ آج مجھے اسلامی جمعیت طلبہ نے پروگرام میں بلایا تو ایسے لگا کہ مجھے پاکستان نے بلا لیاہے۔ جمعیت کے نوجوان ہی پاکستان کی امید ہیں ، انہیں ملک کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا ، اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگیاں گزار کر ہی زندگی کی حقیقی خوشیاں سمیٹی جا سکتی ہیں۔

چھوٹی چھوٹی خواہشات کو ترک کریں اور ملک کی خاطر آگے بڑھیں اس موقع پر سابق طالب علم رہنما امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا معیار دولت نہیں بلکہ لگن اور آگے بڑھنے کا جذبہ انسان کو کمالات کی رفعتوں سے ہمکنا ر کرتا ہے، جھونپڑیوں کے باسیوں نے ہمیشہ قوم کو خوشیاں دی ہیں ، اور اپنی مجبوریوں کو مایوسیوں میں بدلنے نہیں دیا، حالات جیسے بھی ہوں ملک کو طلبہ ہی آگے لے کر جا سکتے ہیں ، دریں اثنا امید پاکستان فیملی فیسٹیول میں کئیرئز گائڈنس کے اسٹالز کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس سے سینکڑوں طلبہ نے رہنمائی حاصل کی۔

فیسٹول کا آج آخری دن ہے آج کے دن لکی ڈرا کے ذریعے بائیکس، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء دی جائیں گی جب کہ نیلام گھر میں سینکڑوں انعامات ہوں گے۔