لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی سینئر بیٹسمین یونس خان چھتیس سال کے ہو گئے، قومی بلے باز نے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کا آغاز تیرہ فروری دو ہزار میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچ سے کیا جہاں انہیں چھیالیس رنز کی پراعتماد اننگز کھیلنے کا موقع ملا۔
یونس خان نے اب تک 253 ایک روزہ میچوں میں حصہ لیا جس میں انہوں نے چھ سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں سمیت 7014 کا ٹوٹل جمع کیا۔ سری لنکا کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز میں انہیں چھبیس فروری کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع دیا گیا۔
پہلی اننگز میں وہ بارہ رنز پر ایل بی ڈبلیو ہوئے لیکن دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے آئی لینڈرز کے خلاف سنچری سکور کر ڈالی، یونس خان نے 86 میچوں میں ایک ٹرپل، تین ڈبل سنچریوں سمیت 51.17 سمیت کی اوسط سے 7114 رنز سکور کیے۔
سابق کپتان یونس خان پچیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دو نصف سنچریوں سمیت 442 رنز سکور کر چکے ہیں۔