اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سمری مسترد کر دی۔ وفاقی حکومت نے قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اوگرا نے یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو منظوری کے لیے ارسال کی تھی جو انہوں نے مسترد کر دی ہے۔
وزیراعظم کے احکامات کے بعد دسمبر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل نہیں ہوں گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے وفاقی حکومت 2 ارب 80 کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی۔
پٹرول کی قیمت 112 روپے 76 پیسے فی لٹر، ڈیزل کی قیمت 116 روپے 75 پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 108 روپے فی لٹر، لائٹ سپیڈ ڈیزل 101 روپے 24 پیسے فی لٹر اور ہائی اوکٹین کی قیمت 141 روپے 23 پیسے فی لٹر پر برقرار رہے گی۔