1956ء میں کوئٹہ میں پیدا ہونے والے جنرل راحیل شریف کو 26 نومبر 2013ء تک کوئی عِلم نہیں تھا کہ وہ پاکستان کی مظبوط اور محبِ وطن فوج کی کمانڈ سنبھال لیں گے لیکن ایک جانب 27نومبر 2013ء کا سورج طلوع ہوا تو دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم اور صدر ِ مملکت نے باہمی مشاورت کے بعد جنرل راحیل شریف کی بطور آرمی چیف تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرکے پاکستانی فوج کی کمانڈ ایک باہمت اور اچھی ساکھ کے حامل فوجی آفیسر کے سپرد کر دی۔جنرل راحیل شریف نے 1976 میں فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور وہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں نشانِ حیدر پانے والے میجر شبیر شریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔
جنرل کیانی جوکہ 6 سال پاکستان کے بری فوج کے سربراہ رہنے کے بعد 28 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیںانکے بارے میں یہاں میں ضرور تحریر کرنا چاہوں گا کہ اُنہوں نے اپنی تقرری کے دوران پاکستانی فوج کے وقار میں خاصا اضافہ کیا جبکہ جنرل راحیل شریف انکی جگہ لینے والے پاکستان کے بری فوج کے 15 ویں سربراہ ہیں جن سے پاکستان اور اسکی کروڑوں عوام کے ساتھ ساتھ پاکستانی فوج کے جوانوں کو بھی بہت ساری اُمیدیں وابستہ ہیں۔،جنرل راحیل چیف آف آرمی سٹاف بننے سے قبل انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ اویلوئیشن کے عہدے پر فائز تھے۔
اس کے علاوہ وہ کور کمانڈر گوجرانوالہ اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کمانڈنٹ کے عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔ یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ پاکستان بّری فوج کے نامزد سربراہ لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف پاکستانی فوج کو درپیش اندرونی چیلنجوں کے لیے تیار کرنے کے لیے سالوں پر محیط کوششوں کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف اپنے فوجی کریئر میں ایک ایسے افسر کے طور پر شہرت رکھتے ہیں جنہوں نے گذشتہ کئی برسوں میں فوج کو جدید خطوط پر تربیت دینے اور اسے ملکی سرحدوں کے اندر درمیانے درجے کی لڑائیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے تیار کرنے کے لیے وقف کیے۔
جنرل راحیل نے گذشتہ چند برس فوجی صدر دفاتر میں فوج کے تربیتی شعبے کے سربراہ کے طور پر گزارے ہیں۔ اس دوران ان کی کارکردگی کو بہت اعلیٰ درجے کی قرار دیا جاتا ہے۔ جنرل راحیل نے تقرری کی اس قلیل مدت میں پاکستانی فوج کے تقریباً تمام اہم تربیتی کورسز کو از سر نو مرتب کر کے انھیں جدید ضروریات سے ہم آہنگ کیا ہے۔
Terrorism
خاص طور پر سرحدوں کے اندر امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے فوج کو تیار کرنے کے لیے جنرل راحیل شریف کے تیار کردہ تربیتی مینولز (manuals) خاصے پسند کیے گئے اور فوجی قیادت نے ان کتابچوں کو اعلیٰ معیار کا حامل قرار دیا۔
پاکستان کے اندر اور باہر فوج کو ‘لو انٹنسٹی کنفلکٹ’ (Low Intensity Conflict) کے لیے تیار کرنے پر ان کے تحریر کردہ مقالوں کو خاصی پذیرائی ملی ہے۔ اس سے پہلے جنرل راحیل شریف پاکستانی فوج کی بہت پسندیدہ تصور کی جانے والی پوسٹنگ کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی تعینات رہے اور اس دوران انھوں نے اکیڈمی کے نصاب میں بھی بعض کلیدی تبدیلیاں کیں۔
ان تبدیلیوں کا محور بھی نئے فوجی افسروں کو ملک کے اندر لڑائی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے تیار کرنا تھا۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ کے طور پر بھی جنرل راحیل نے اپنی اسی دلچسپی کو عملی شکل دی اور کور میں ایسی تربیتی مشقیں متعارف کروائیں جن کا محور ‘لو انٹینسٹی کانفلکٹس’ تھے۔
بعض فوجی افسران کا کہنا ہے کہ مستقبل کے چیلنجوں کو سمجھنے اور ان کے لیے فوجی ردعمل کو بطریقِ احسن استعمال کرنے کی صلاحیت کے باعث موجودہ حالات میں جنرل راحیل کی تقرری خاصی اہم ہے ۔جنرل راحیل کے بڑے بھائی میجر شبیر شریف کو 1971 کی جنگ میں دادِ شجاعت دینے پر نشانِ حیدر دیا گیا تھا۔
عوام کی اکثریت کی رائے یہی ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل راحیل شریف کی فوجی سربراہ کے طور پر تقرری ثابت کرتی ہے کہ میاں نواز شریف نے اس کلیدی عہدے کے لیے موزوں شخصیت کا چناؤ کیا ہے۔
Mohammad Akram Khan Faridi
تحریر : انجینئر محمد اکرم خان فریدی مجاہد نگر جنڈیالہ روڈ، شیخوپورہ 0302 4500098