ڈالرز کی قیمت میں پھر اضافہ، زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال مزید خطر ناک

Dollars

Dollars

کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ڈالرذخائر میں مزید کمی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورت حال خطر ناک ہوگئی۔

اوپن مارکیٹ میں سپلائی کم ہونے سے ڈالر کی قدر 110 روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ مرے کو سو درے اور پڑ گئے۔اسٹیٹ بینک کے ڈالر ذخائر پہلے ہی خطر ناک حد تک کم تھے اب ان میں مزید کمی بھی ہوگئی۔

مرکزی بینک کے پاس صرف 3 ارب 46 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں جو پاکستان کی ایک ماہ کی امپورٹ کے برابر بھی نہیں ہیں۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 110 روپے 25 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔

ایکس چینج کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کمرشل بینک انھیں ڈالر فراہم نہیں کررہے جس سے روپیہ کمزور ہوا۔ چیئرمین ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کے مطابق وزارت خزانہ کو مسئلے سے آگاہ کردیا گیاہے جس پر مشیر خزانہ نے پیر سے سپلائی بہتر بنانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت بینکوں سے ڈالر قرضوں کے حصول اور عالمی بانڈز کے اجرا کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر کررہی ہے۔ فیصلے جلد نہ ہوئے تو زرمبادلہ ذخائر مزید کم ہونے سے صورت حال گھمبیر ہوجائے گی۔