موجودہ حکومت زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے ٹھوس پالیسیوں پر عملدرآمد کر رہی ہے، چوہدری عابد

فیصل آباد: وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے کسان دوست اقدامات کے تحت ڈیڑھ کروڑ روپے کی سبسڈی سے ضلع کے کاشتکاروں کو لینڈ لیونگ کے لئے70 لیزر یونٹس فراہم کئے گئے ہیں اس سلسلے میں قرعہ اندازی کی تقریب ایوب ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے لائبریری ہال میں منعقد ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی مہمان خصوصی تھے۔

جبکہ تقریب میں ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد ‘ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر آصف چوہدری ‘ ای ڈی او زراعت ڈاکٹر اشتیاق احمد ‘ ای ڈی او فنانس ایوب خاں ‘ ڈی او واٹر مینجمنٹ بشیر احمد رندھاوا اور دیگر افسران کے علاوہ بڑی تعداد میں کاشتکار موجود تھے۔ چوہدری عابد شیر علی نے قرعہ اندازی کے خوش نصیبوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے ٹھوس پالیسیوں پر عملدرآمد کر رہی ہے اس سلسلے میں کاشتکاری کے طریقہ کار کو جدید بنانے کے لئے ایڈوانس ٹیکنالوجی کے فوائد عام کاشتکاروں تک پہنچائے جارہے ہیں ۔ ای ڈی او زراعت نے بتایا کہ کاشتکاروں کو رعایتی قیمتوں پر لیزر یونٹس فراہم کرنے کے لئے اس ضلع میں 70 لیزر یونٹس کا کوٹہ مخصوص کیا گیا تھا جس کے لئے 648 درخواستیں وصول ہوئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کو ایک لیزر یونٹ پر سوا دو لاکھ روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے جس کے استعمال سے فصلوں کی پیداوار میں 20 فیصد اضافہ اور پانی کی 30 فیصد بچت ہو گی۔