اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی پورے ملک سے گذر رہی ہے، تحریک انصاف صرف خیبر پختون خوا میں دھرنا کیوں دے رہی ہے؟ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے عمران خان پختون قوم کو مزید پیچھے دھکیل رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ایمل ولی خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ پشاور میں بھتہ خوری عروج پر ہے، خیبر پختون خوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، اے این پی مارشل لا کی پیداوار نہیں ہے، کوئی اس پارٹی کو ختم نہیں کر سکا۔
سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں بدترین دھاندلی ہوئی، دیر میں 90 ہزار جعلی ووٹ پکڑے گئے، چاہتے ہیں کہ خیبرپختون خوا میں تحریک انصاف پانچ سال پورے کرے۔ ایمل ولی خان نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو خیبر پختو نخوا میں شامل کر کے وہاں کے لوگوں کو بھی دیگر صوبوں کے برابر حقوق دیئے جائیں۔