پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس پر پولیس تعینات

Punjab University

Punjab University

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، جمعیت کے گرفتار طلبہ کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں ہنگامہ آرائی کرکے ٹریفک جام کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے پر پولیس ایکشن میں آئی اور جمعیت کے 100 طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے پنجاب یونیورسٹی کے باہر مزید نفری تعینات کردی گئی ہے، گرفتار طلبہ کو آج عدالت میں پیش کیاجائے گا۔

گذشتہ روز پولیس کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل میں چھاپا مار کر 21 طلبہ کی گرفتاری اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کو بالکل ہضم نہ ہوئی۔ جمعیت کے کارکنوں نے وحدت روڈ اورکینال روڈ پر قانون کو ہاتھ میں لیے رکھا اور شہریوں کی زندگیاں اجیرن کردیں۔

جلاو گھیراو، توڑ پھوڑ اور بس کو آگ لگا کر دن بھر ٹریفک ٹھپ کیے رکھنے پر لاہور پولیس ایکشن میں آئی اور پنجاب یونیورسٹی کے ناظم سمیت اسلامی جمعیت طلبہ کے مزید 100 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق مسلم ٹاون تھانے میں آٹھ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ادھر پنجاب یونیورسٹی کے باہر ممکنہ احتجاج روکنے کیلئے ایک بار پھرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار طلبہ کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔