یوکرائن میں پر امن مظاہرین کیخلاف تشدد ناقابل قبول ہے، امریکا

America

America

شام (جیوڈیسک) شام کے بعد یوکرائن کے معاملے میں بھی روس اور امریکا آمنے سامنے آگئے، روسی صدر کہتے ہیں کہ یوکرائن میں مظاہرین آئینی حکومت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب امریکا کا کہنا ہے کہ یوکرائن میں پر امن مظاہرین کیخلاف تشدد ناقابل قبول ہے۔

روسی صدر ولادی میر پوٹن کہتے ہیں کہ یوکرائن میں مظاہرے قانونی حکومت کو ختم کرنے کیلئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ کوئی انقلاب نہیں ہے بلکہ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین میں تربیت یافتہ جنگجو شامل ہیں جنھیں بیرونی امداد حاصل ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاوس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کے پر امن مظاہروں کو بغاوت نہیں کہہ سکتے، عوام کا احتجاج پر امن ہے۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرس فوراس میوزن نے بھی یوکرائن کی صور تحال پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے یوکرائن کی حکومت سے پر تشدد کاروائیوں سے باز رہنے کا مطالبہ کیا۔

گزشتہ ہفتے یوکرائن کے صدر ویکتور یانو کووچ نے یورپی یونین کی ساتھ تجارتی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کیخلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے اور اب تک پولیس کے ساتھ تصادم میں دو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔