کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں 12 افراد جاں بحق

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں شیعہ عالم اور تبلیغی جماعت کے ارکان سمیت 12 افراد کو قتل کردیا گیا۔

کراچی میں سخی حسن چورنگی کے قریب کالے رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی پر نامعلوم افراد نے گولیوں کی برسات کردی، فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سخی حسن میں کار پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت مشتاق مہمند کے نام سے ہوئی، اس سے قبل اتحاد ٹاون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، لانڈھی عوامی کالونی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔

یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے مجلس وحدت المسلمین کے عہدے دار مولانا دیدار حسین کو ان کے گارڈ سمیت قتل کردیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد واقعے مدنی مسجد میں نامعلوم افراد نے تبلیغی جماعت کے وفد پر فائرنگ کر دی۔ جس سے 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

فائرنگ مدنی مسجد کے باہر تبلیغی جماعت کے افراد پر کی گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے 2 افراد کاتعلق مراکش سے ہے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاون رئیس کالونی میں فائرنگ سے ایک خاتون سمیت 2 فراد زخمی ہوئے۔ جبکہ شاہراہ فیصل گورا قبرستان کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔