خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کو دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ حاجی سیف اللہ طاہر

مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار)خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کو دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے نامساعد حالات کے باوجود بھی ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں بہتری لانے کیلئے ایمرجنسی نافذ کی ہے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے پانچ سو نئے ڈاکٹرز اور چھ سو نرسیں بھرتی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سنیئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف قصور حاجی سیف اللہ طاہر مغل نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس وسائل اور مسائل دونوں کی کمی نہیں تاہم مشکلات اور کرپشن جیسی لعنت کا خاتمہ اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں عوام کو مفت ادویات کی فراہمی کے لئے ساڑھے تین کرورڑ روپے اورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کیلئے بیس بیس لاکھ روپے ریلیزکئے گئے ہیں جبکہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی فری سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت تاریخ کی پہلی کرپشن فری حکومت ثابت ہوگی کیونکہ ہمارا کوئی وزیر کرپشن نہیں کر سکتا اور وزراء سے تمام اُمور کے بارے میں ماہانہ پوچھ گچھ ہوتی ہے۔