سری لنکا سے سیریز کھیلنے کے لیے T20 کرکٹ ٹیم دبئی روانہ

Sri Lanka Series

Sri Lanka Series

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 سکواڈ کے کھلاڑی متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ ٹیم منیجر معین خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کا مورال بلند ہے۔ سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں 8 دسمبر کو افغانستان جبکہ 11 اور 13 دسمبر کو سری لنکا کیخلاف میچز کھیلے گی۔ کپتان محمد حفیظ نجی مصروفیات کی وجہ سے 6 دسمبر کو دبئی جائیں گے جبکہ آل راونڈر شاہد آفریدی اور انور علی کراچی سے دبئی روانہ ہوں گے۔

آف اسپنر سعید اجمل افغانستان کیخلاف ٹی 20 میں حصہ نہیں لیں گے۔ متحدہ عرب امارات روانگی کے وقت لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم منیجر معین خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو تیاری کا وقت نہیں ملا مگر ٹیم کا مورال بلند ہے۔

بیٹنگ کوچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف آخری میچ میں بیٹنگ اچھی تھی۔ 4 کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔