یونین کونسل دفتوہ کو مثالی یونین کونسل بنانے کیساتھ ساتھ علاقہ میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کریں گے

مصطفی آباد/للیانی: یونین کونسل دفتوہ کو مثالی یونین کونسل بنانے کیساتھ ساتھ علاقہ میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل دفتوہ سید طیب حسین رضوی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یونین کونسل میں شامل دیہات کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا مگر اب کامیاب ہونے کے بعد تمام دیہات میں یکساں ترقیاتی کام کروائیں جائیں گے کسی بھی شہری سے زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ حلقہ میں منشیات فروشی،غنڈہ گردی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔موجودہ حکومت نے بجلی کی قلت کو ختم کرکے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضوں کا اجراء کرکے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں ۔وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان دنیا بھر میں بھرپور اقتصادی قوت والا ملک بن کر ابھرے گا۔