بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندرا 8 دسمبر کو اپنی 78 ویں سالگرہ منائیں گے

Dharmendra

Dharmendra

ممبئی(جیوڈیسک) بالی ووڈ کو بے شمار سپر ہٹ فلمیں دینے والے لیجنڈ اداکار دھرمیندرا 8 دسمبر کو اپنی 78 ویں سالگرہ منائیں گے۔

بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں پیدا ہونے والے دھرمیندرا نے فلمی کیریئر کا آغاز 1960 میں فلم “دل بھی تیرا ہم بھی تیرے” سے کیا لیکن انہیں اصل شہرت پھول اور پتھر سے ملی جس نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

دھرمندرا کی 1975 میں امیتابھ کے ساتھ ریلیز ہونیوالی فلم شعلے بھی سپرڈوپر ہٹ ثابت ہوئی جس میں دھرمیندرنے اپنی بے مثال اداکاری جوہر دکھا کر لوگوں کو قہقہے لگانے پر مجبور کر دیا۔ وہ اپنی ڈریم گرل اور شریک حیات ہما مالنی کے ساتھ بھی کئی فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔

دھرمیندرا کی مشہور فلموں میں آزاد، دوست، چچا بھتیجا، راجا جانی، نوکر بیوی کا، بغاوت، دھرم ویر اور راج تلک شامل ہیں۔ انہوں نے دو شادیاں کیں، ان کے چھ بچوں میں سنی دیول، بوبی دیول، ایشا دیول، آہنہ دیول, جیتا دیول اور وجیتا دیول شامل ہیں۔

1991 میں انھیں نیشنل فلم ایوارڈ گھائل میں بطور پروڈیو سر کام کرنے پر دیا گیا جب کہ 1997 میں فلم فیئر ایوارڈ ملا جو انھوں نے ادکار دلیپ کمار اور سائرہ بانو سے وصول کیا۔

2012 میں دھرمیندرا کو بھارت کے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ پدما بھوشن سے نوازا گیااور 2004 میں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر راجھستان سے بھارتی لوک سبھاکے رکن بھی منتخب ہوئے۔

دھرمندرا نے اپنے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ فلم یملا پگلا دیوانہ میں کام کیا جس نے شائقین میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔