ہلیری کلنٹن اور میڈلین البرائٹ کا منڈیلا کو خراج عقیدت

Mandela

Mandela

امریکہ (جیوڈیسک) ساؤتھ افریقہ کے رہنما نیلسن منڈیلا کی وفات پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزرائے خارجہ ہیلری کلنٹن اور میڈلین البرائٹ نے منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور میڈلین البرائٹ نے ہیومن رائٹس کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ نیلسن منڈیلا کی شخصیت میں کئی متضاد پہلو تھے۔ سابقہ امریکی وزیر خارجہ میڈلین البرائٹ نے بھی منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انھوں نے کہا کہ منڈیلا نے ہمیں سیکھایا کہ معافی کی طاقت نفرت سے زیادہ ہے۔ منڈیلا کے دوست اور سیاہ فاموں کے حقوق کے لیے چلائی جانے والی تحریک میں ان کا ساتھ دینے والے پیٹر گیبریئل اور کوئنسی جونز نے منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پیٹر گیبریئل نے کہا کہ منڈیلا تاریکیوں، تکلیفوں کا مقابلہ کر نے والے منفرد انسان تھے۔ انھوں نے لوگوں کو قائل کیا کہ دشمن کے ساتھ بھی مذاکرات کیے جاسکتے ہیں۔ نیلسن منڈیلا کے ساتھ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے کوئنسی جونز نے کہا ہے کہ منڈیلا ایک حیران کن شخص تھے۔ 27 سال قید میں رہنے کے بعد انھوں نے دشمنوں سے ہاتھ ملایا۔ نیلسن منڈیلا کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں ان کے مداح موجود ہیں اور اپنے رہنما سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔