عامر اور کترینہ کی فلم “دھوم تھری” کے گانے “کملی” کا ٹیزر جاری

Dhoom 3

Dhoom 3

ممبئی (جیوڈیسک) یش راج بینر تلے بننے والے ایکشن فلم سیریز دھوم کے پریکوئل دھوم تھری کے نئے گانے”کملی”کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ امیتابھ بھٹا چاریہ کے تحریر کردہ”کملی”کے بولوں پر مبنی اس گانے کو معروف پلے بیک سنگر سونیدھی چوہان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جس میں کترینہ کیف اپنے ایکروبیٹک ڈانس کے جلوے دکھاتی نظر آرہی ہیں۔ ہدایتکار و رائٹر وجے کرشنا اچاریہ کی اس ایکشن تھرلر فلم میں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان اور باربی ڈول کترینہ کیف مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ 2004 کی بلاک بسٹر ایکشن فلم دھوم میں جان ابراہم (ولن)، ابھیشک بچن ،ادے چوپڑا اور ایشا دیول نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

جبکہ 2006 میں سیکوئل دھوم ٹو میں ہرتیک روشن (ولن)، ایشوریا رائے اور بپاشا باسو کیساتھ ابھیشک اور ادے چوپڑا اپنے سابقہ کرداروں میں موجود تھے۔ اس سلسلے کی تیسری فلم میں جہاں وِلن کے کردار میں عامر خان اور کترینہ انکی گرل فرینڈ بنی ہیں وہیں ادے چوپڑا اور ابھیشک بچن ایک بار بھر بطور پولیس افسر اپنے پچھلے رولز میں موجود ہیں جبکہ جیکی شیروف بھی فلم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ادیتہ چوپڑا، عامر خان اور وجے کرشنا کی مشترکہ طور پر تحریر کی گئی اس ایکشن تھرلر فلم کو ادیتہ چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔ معروف موسیقار پرتیم کی موسیقی لیے یہ ایکشن فلم دھوم تھری یش راج فلمز کے تحت رواں سال کرسمس کے موقع پر 20 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔