یورپ میں برفباری اور طوفان، مرنیوالوں کی تعداد 9 ہو گئی

Snow Storm

Snow Storm

لندن (جیوڈیسک) یورپ میں طوفان اور شدید برفباری سے ہلاک افراد کی تعداد نو ہو گئی ہے۔ ادھر امریکا کی مختلف ریاستوں میں برف باری کے باعث لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہو گئے اور ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ طوفان نے پولینڈ کا رخ کیا اور ساحلی علاقوں میں تباہی مچا دی۔

مختلف حادثات میں تین افراد جان سے گئے۔ یہی حال یورپ کے مختلف ملکوں کا ہے۔ برطانیہ، سوئیڈن، ڈنمارک اور جرمنی میں بھی طوفانی ہواوں اور برفباری کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں بھی شدید برفباری جا ری ہے۔ برفباری سے سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی گاڑیاں بھی توازن قائم رکھنے میں ناکام نظر آئیں۔

ٹیکساس، آرکنساس اور لوئی زیانا میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ خراب موسم کے باعث پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔