امن و امان کا قیام انتظامیہ، پولیس قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آصف بلال

گجرات: ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے کہا ہے کہ ضلع میں امن و امان کا قیام انتظامیہ، پولیس قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے اتحاد اور جذبہ حب الوطنی سے ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازشیں کرنیوالوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈی پی او سید علی ناصر رضوی، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، اے ڈی سی فاروق رشید، اسسٹنٹ کمشنر ز عابد حسین بھٹی، ماریہ طارق، میاں اقبال مظہر، وقار حسین، میثیم عباس، ڈسٹرکٹ آفیسر ایمرجنسی چوہدری محمد عزیز، صاحبزادہ سیدسعید احمد ، چوہدری منظور حسین، ضیا الرحمان عطاری، خاور بشیر بٹ، پیرزادہ امتیاز، خالد مدنی، خادم علی خادم، الطاف عباس کاظمی، سرفرا ز حسین جعفری، صدر ،مرکزی انجمن تاجراں جاوید بٹ، جنرل سیکرٹری خادم حسین سلیمی، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسرا ن نے شرکت کی۔ ڈی سی او آصف بلا ل لودھی نے کہا کہ اہلسنت و الجماعت کے راہنما مولانا شمس الرحمان کے قتل سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاہم ہمیں مکمل الرٹ رہنا ہوگا تاکہ ملک دشمن عناصر کسی قسم کی دہشت گرد کاروائی نہ کرسکیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی ناصر رضوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو پولیس کی طرف سے لئے گئے سکیورٹی انتظامات بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ کسی بھی احتجاج یا ریلی کی صورت میں سکیورٹی کیلئے تمام تر انتظامات کر لئے گئے ہیں جبکہ وہ مذہبی جماعتوں کے راہنمائوں سے بھی رابطے میں ہیں۔ ڈی پی او نے بتایا کہ تمام ایس ڈی پی او ز کو گشت کے اوقات کا رمیں اضافہ کی ہدایت کر دی گئی ہے خصوصا صبح 4بجے سے 7بجے تک تمام ایس ڈی پی او ز فیلڈ میں رہیںگے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں تمام چارپائی ہوٹلز فی الفور بند کر دیے جائیں نیز گاڑیوں کی چیکنگ کے ذریعے اسلحہ کی نقل و حمل پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ ڈی او سی شجاع قطب بھٹی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔

مذہبی راہنمائوں صاحبزادہ سید سعید احمد، چوہدری منظور حسین، خاور بشیر بٹ و دیگر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور ضلع میں لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر مولانا شمس الرحمان معاویہ کی مغفرت کے لئے دعا بھی کی گئی۔