اسلام آباد (جیوڈیسک) عدالت عظمیٰ لاپتہ افراد کے مقدمے کی سماعت آج پھر کرے گی، وزارت دفاع کو 19 لاپتہ افراد پیش کرنا ہوں گے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت عظمی کے حکم پر 14 لاپتہ افراد کو ہفتے کے روز جسٹس امیر ہانی مسلم کے چیمبر میں پیش کیا گیا۔
سپریم کورٹ نے باقی لاپتہ افراد کا بازیاب کرانے اور انہیں سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف اس کیس میں پیش ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر انہوں نے عدالت کو تمام لاپتہ افراد کی یقین دہانی کرائی تھی۔ بلوچستان کے لاپتہ افراد کے مقدمے میں آئی جی ایف سی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔