اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پولو گراؤنڈ ریفرنس کی سماعت آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ہو گی۔
پولو گراؤنڈ ریفرنس سن دوہزار میں دائر کیا گیا تھا جس میں قومی خزانے کو انتیس لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا۔ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو، سابق چیئرمین سی ڈی اے سعید مہدی اور بیوروکریٹ شفیع سہوانی کو ملزم نامزد کیا گیا۔
احتساب عدالت سعید مہدی کو بری کر چکی ہے۔ صدارتی استثنیٰ حاصل ہونے کے باعث آصف علی زرداری کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا اور سماعت روک دی گئی۔
عدالت سابق صدر کو خود پیش ہونے کا حکم بھی دے چکی ہے۔ آج ان کی پیشی کی صورت میں فرد جرم عائد کئے جانے کا بھی امکان ہے۔