حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دنیاوی تاریخ میں اہم ترین شخصیت کے طور پرنمودار ہوئے اور انکی یہ خصوصیت عالمی طور مسلمانوں اور غیرمسلموں دونوں جانب مصدقہ طور پر تسلیم شدہ ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم تمام مذاہب کے پیشواں سے کامیاب ترین پیشوا تھے۔آپ کی کنیت ابوالقاسم تھی۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اللہ کی طرف سے انسانیت کی جانب بھیجے جانے والے انبیا اکرام کے سلسلے کے آخری نبی ہیں جنکو اللہ نے اپنے دین کی درست شکل انسانوں کی جانب آخری بار پہنچانے کیلیئے دنیا میں بھیجا۔
آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم دنیا کی تمام مذہبی شخصیات میں سب سے کامیاب شخصیت تھے۔ مکہ میں پیدا ہونے والے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر قرآن کی پہلی آیت چالیس برس کی عمرمیں نازل ہوئی۔ انکا وصال تریسٹھ (63) سال کی عمر میں 632 میں مدینہ میں ہوا، مکہ اور مدینہ دونوں شہر آج کے سعودی عرب میں حجاز کا حصہ ہیں۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم بن عبداللہ بن عبدالمطلب بن ھاشم بن عبدمناف کے والد کا انتقال انکی دنیا میں آمد سے قریبا چھ ماہ قبل ہو گیا تھا اور جب انکی عمر چھ سال تھی تو انکی والدہ حضرت آمنہ بھی اس دنیا سے چلی گئیں۔
عربی زبان میں لفظ محمد کے معنی ہیں جسکی تعریف کی گئی یہ لفظ اپنی اصل حمد سے ماخوذ ہے جسکا مطلب ہے تعریف کرنا۔ یہ نام ان کے دادا حضرت عبدالمطلب نے رکھا تھا۔ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو رسول ، خاتم النبین ، حضوراکرم، رحمت اللعالمین اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے القابات سے بھی پکارا جاتا ہے۔
نبوت کے اظہار سے قبل حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی روزمرہ زندگی پاکیزہ اور صاف ہونے کی لاتعداد تاریخی مثالیں اور حوالہ جات موجود ہیں۔ اپنے بچپن میں محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم گلہ بانی سے بھی منسلک رہے اور نوجوانی کے دور میں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اپنے چچا حضرت ابوطالب کے ساتھ تجارت میں ہاتھ بٹانا شروع کردیا۔
اپنی سچائی ، دیانت داری اور شفاف کردار کی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم عرب قبائل میں صادق اور امین کے القابات سے پہچانے جانے لگے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اپنا کثیر وقت مکہ سے باہر واقع ایک غار میں جا کر عبادت میں صرف کرتے تھے اس غار کو غار حرا کہا جاتا ہے۔ یہاں پر 610 میں ایک روز حضرت جبرائیل علیہ السلام (فرشتہ) ظاہر ہوئے اور محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو اللہ کا پیغام دیا۔ جبرائیل علیہ سلام نے اللہ کی جانب سے جو پہلا پیغام انسان کو پہنچایا وہ یہ ہے
ترجمہ: پڑھو(اے نبی) اپنے رب کا نام لے کر جس نے پیدا کیا ، پیدا کیا انسان کو نطف مخلوط کے جمے ہوئے خون سے ۔۔
یہ ابتدائی آیات بعد میں قرآن کا حصہ بنیں۔ اس واقعہ کے بعد سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے رسول کی حیثیت سے تبلیغ اسلام کی ابتدا کی اور لوگوں کو خالق کی وحدانیت کی دعوت دینا شروع کی۔ انہوں نے لوگوں کو روزقیامت کی فکر کرنے کی تعلیم دی کہ جب تمام مخلوق اپنے اعمال کا حساب دینے کے لیئے خالق کے سامنے ہوگی۔
اپنی مختصر مدت تبلیغ کے دوران ہی انہوں نے پورے جزیرہ نما عرب میں اسلام کو ایک مضبوط دین بنا دیا، اسلامی ریاست قائم کی اور عرب میں اتحاد پیدا کر دیا جس کے بارے میں اس سے پہلے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے اور قرآن کے مطابق کوئی مسلمان ہو ہی نہیں سکتا جب تک وہ ان کو اپنی جان و مال اور پسندیدہ چیزوں پر فوقیت نہ دے۔ قیامت تک کے لوگ ان کی امت میں شامل ہیں۔