اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے گجرات میں سکول وین حادثے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ سنا دیا،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سختی سے قواعد کے مطابق فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرے،عدالت کا پنجاب حکومت کو سانحے میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے گجرات سکول وین حادثے سے متعلق از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت عظمیٰ نے ملک بھر میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فوری بند کرنے اور تمام صوبوں کی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو میرٹ پر فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم اور سی این جی کی غیر قانونی فروخت روکنے کو یقینی بنایا جائے۔ عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ حکومت پنجاب حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثاء کو معاوضہ ادا کرے۔
سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب گجرات حادثے کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی اور چیف سیکرٹری، چیف کمشنر پنجاب تیس روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔