لاہور (جیوڈیسک) بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے اتنی خاطر تواضع کی کہ صرف دس دن میں ان کا چھ کلو وزن بڑھ گیا۔
نصیرالدین شاہ 10 روزہ دورہ مکمل کر کے 13 رکنی وفد کے ہمراہ واپس بھارت جانے کیلئے واہگہ پہنچے تو اداسی اور خوشی کے ملے جلے تاثرات ان کے چہرے سے عیاں تھے۔ کہنے لگے لاہور انہیں دہلی جیسا لگتا ہے۔
نصیرالدین شاہ کہہ اٹھے، لاہوریئے دل نواز ہی نہیں، یہاں کی آب و ہوا بھی دلفریب ہے، پانی بھی بہت راس آیا۔ نصیرالدین شاہ نے کہا کہ پاکستانی فلموں میں کام کرنے کی اچھی آفر ملی تو ضرور قبول کریں گے۔
بھارتی فن کاروں کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے عوام دوستی اور امن چاہتے ہیں، اسی جذبے کے دیپ جلائے رکھنے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔