پولیس کا پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل پر چھاپہ، غیر قانونی طور پر رہائش پذیر 16 طلبا گرفتار

Punjab University

Punjab University

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب یونیورسٹی ہاسٹلز میں مقیم 16 غیر قانونی طلبا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

پنجاب یونیورسٹی میں مقیم غیر قانونی طلبا کے خلاف انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن جاری ہے، یونیورسٹی انتظامیہ کی نشاندہی پر چیئرمین پنجاب یونیورسٹی ہال کونسل ڈاکٹر اختر کی سربراہی میں پولیس نے ہاسٹل نمبر اٹھارہ میں چھاپہ مار کر 16 غیر قانونی رہائش پذیر طلبا کو گرفتار کر کے مسلم ٹاون تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب طلبا کا موقف ہے کہ گرفتار کیے جانے والے طلبا ہاسٹلز میں غیر قانونی طور پر نہیں رہ رہے بلکہ ان سب کی الاٹمنٹس ہیں مگر یونیورسٹی انتظامیہ اپنے سیاسی مفادات اور نا اہلی چھپانے کی خاطر طلبا پر جعلی کیسز بنا کر گرفتار کر وا رہی ہے۔

جبکہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتار طلبہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں، جن طلبہ کو حراست میں لیا گیا ہے وہ آفٹر نون کے ہیں جن کے لیے یونیورسٹی میں کوئی ہاسٹل نہیں۔