اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس میں چوتھا چالان مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے چالان کے لئے پولیس کو ہدایات جاری کر دیں۔
سابق صدر کی جانب سے ججوں کو نظر بند کئے جانے اور ایمرجنسی کے نفاذ کے دوران استعمال ہونے والا آنسو گیس کا شیل بھی چالان کا حصہ بنایا جائے گا۔ ایڈووکیٹ انوار ڈار نے آنسو گیس کا شیل بطور ثبوت عدالت میں پیش کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید دو گواہ بھی چوتھے چالان میں شامل کئے جائیں گے۔ پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے پولیس کو متاثرہ ججوں کے بیانات کے لئے دوبارہ رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ججز نظر بندی کیس کے تین عبوری چالان عدالت میں پیش کئے جا چکے ہیں۔