کراچی میں دھماکا، رینجرز اہلکاروں سمیت 9 زخمی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے لانڈھی میں ٹمبر مارکیٹ کے نزدیک رینجرز کے اہلکار ٹرک پر سوار ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہو گیا جس سے 6 رینجرز اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ٹرک میں رینجرز کے 10 اہلکار سوار تھے۔ زخمی اہلکاروں کا تعلق 71 ونگ سے ہے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جو کہ کچرے کے ڈھیر میں چھپایا گیا تھا۔ دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز کا دستہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق 5 زخمی اہلکاروں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔