سعید اجمل نے 400 وکٹیں مکمل کر لیں

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

دبئی (جیوڈیسک) سپن بائولنگ کے جادوگر سعید اجمل نے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر میں 400 وکٹیں مکمل کر لیں۔ قومی آف سپنر نے پانچ سالہ کیرئیر میں نہ صرف عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا بلکہ رواں سال کے بہترین بائولر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

سعید اجمل نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے میچ میں دو شکار کر کے انٹرنیشنل کیرئیر میں وکٹوں کی تعداد 400 کر لی ہے۔ اس شاندار اعزاز پر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وہ کیرئیر میں 400 کا ہندسہ مکمل ہونے پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے اٹھاون ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سترہ اعشاریہ ایک تین کی اوسط سے اناسی شکار کئے۔ سپن کے جادوگر رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں 19.94 کی اوسط سے سب سے زیادہ 53 وکٹوں کے ساتھ سر فہرست ہیں۔ قومی آف سپنر نے گزشتہ ماہ ون ڈے انٹرنیشنل کے میچوں کی سنچری مکمل کی۔

ایک سو میچز میں 162 شکار کئے جس میں ان کی بہترین بولنگ میں چوبیس رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کرنا ہیں۔ سعید اجمل نے ون ڈے عالمی رینکنگ میں نہ صرف پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا بلکہ رواں سال کے بہترین بولرز کی فہرست میں بھی وہ اپنی جادوئی بولنگ سے پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔