سری لنکا کیخلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج، پاکستانی ٹیم کی کلین سویپ پر نظریں

Sri Lanka , Pakistan

Sri Lanka , Pakistan

دبئی (جیوڈیسک) سری لنکا کے خلاف سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنیوالی قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ پر نظریں لگا لیں، گرین شرٹس کو وائٹ واش کے ساتھ رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا سنہرا موقع مل گیا۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دوسرے ٹی 20 کے لیے دبئی ہی کے میدان میں مدمقابل ہونگیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہو گا۔قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے ، پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے میں ناکام ہونیوالے، فاسٹ بولر عثمان خان کی جگہ جنید خان کو موقع دیا جا سکتا ہے۔

ادھر کپتان محمد حفیظ پہلے میچ میں پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے تھے تاہم ٹیم منیجمنٹ کے مطابق اب ان کی طبیعت بہتر ہے۔ دوسری صورت میں محمد حفیظ کی جگہ پر شاہد آفریدی کو قیادت سونپی جا سکتی ہے، کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں جیت کے بعد قومی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اپنی کمزوریوں پر قابو پا کر بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

دوسرا میچ جیت کر قومی ٹیم سیریز میں کلین سویپ کے ساتھ آئی لینڈرز سے رینکنگ کی پہلی پوزیشن بھی چھین سکتی ہے، دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کا امکان ہے۔

سری لنکا ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل سیریز کا آخری میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کے لیے پرامید ہیں۔