گجرات: سودی قرضے دینا اور لینا سخت حرام اور اللہ اور اسکے رسول سے جنگ ہے۔ پیر محمد افضل قادری
Posted on December 13, 2013 By Majid Khan گجرات
گجرات: سودی قرضے دینا اور لینا سخت حرام اور اللہ اور اسکے رسول سے جنگ ہے، حکومت قوم کو حرام رزق پر لگانے سے باز رہے، غلامان نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سودی قرضوں پر لعنت بھیجیں۔
ان خیالات کا اظہار تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر پیر محمد افضل قادری نے عیدگاہ مرکز اہلسنت نیک آباد میں جمعة المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید سورہ بقرہ کی آیت نمبر 279میں سود کو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جنگ قرار دیا گیا ہے اور مسند امام احمد میں حدیث نبوی ہے کہ سود کی ستر اقسام ہیں اور سب سے چھوٹے درجے کا سود ماں سے بدکاری کے برابر گناہ ہے، جبکہ مشکوٰة المصابیح میں حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سود کھانے والے، سود کھلانے والے، اور سود کا حساب لکھنے والے پر لعنت کی ہے۔
العیاذ باللہ من ذالک۔ پیر صاحب نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو سودی کاروبار پر لگانے سے، سکیم بنانے والے اور سودی کاروبار کرنے والے دونوں فریق اللہ رب العالمین اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناراضگی مول لیں گے تو پھر اس سکیم سے برکت کیسے حاصل ہوگی بلکہ مسلمانوں کی آخرت بھی برباد ہوگی لہذا حکومت فوری طور پر سودی سکیم ختم کرنے کا اعلان کرے اور مضاربت کی بنیاد پر یا پھر قرض حسنہ کی بنیاد پر ایسی سکیم جاری کی جائے جو قرآن وسنت سے متصادم نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف میرے ساتھ ملکر اندرون ملک وبیرون ملک اہل ثروت سے ملاقات کا پروگرام بنائیں اور اہل ثروت سے اپیل کی جائے کہ وہ حسب استطاعت بے روزگار افراد کی قرض حسنہ کی صورت میں امداد کریں۔ امید ہے اس کوشش سے لاکھوں لوگ کو معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا جائے گا اور سودی قرضہ کی لعنت سے بھی بچت ہو جائیگی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com