قومی اردو کونسل نے رواں سال کے دوران تقریباً پچاس لاکھ روپے کی اردو کتابوں کی تھوک خریداری کی

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، حکومت ہند اردو کتابوں اور قلم کاروں کی حوصلہ افزائی ملکی سطح پر کرتی ہے اور اپنی پالیسی کے تحت کتابوں کی تھوک خریداری بھی کرتی ہے۔ اس مقصد کے تحت کونسل کے زیر اہتمام فروغ اردو بھون میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں سال 2013-14 میں تھوک خریدی گئی کتابوں کی تفصیلات پیش کی گئیں اورکتابوں، رسائل ،جرائد کی تھوک خریداری کو منظوری دی گئی۔ Bulk-Purchase کمیٹی کی دوسری میٹنگ کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ کونسل نے رواں سال کے دوران تقریباً 50 لاکھ روپے کی اردو کتابوں ، رسائل و جرائد کی ریکارڈ ساز خریداری کی ہے جو کہ اردو زبان و ادب کے لیے ایک خوش آئند بات ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کونسل اردو کی تمام معیاری کتابوں، رسائل و جرائد کی خریداری کر کے اردو قلمکاروں کی حوصلہ افزائی کرتی رہتی ہے اور یہ مشن بدستور جاری ہے۔

کمیٹی کے تمام اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد خواجہ اکرام الدین نے کہا کہ کونسل پہلے Bulk-Purchase کمیٹی کی میٹنگ سال میں ایک مرتبہ کرتی تھی لیکن رواں سال کے دوران دو میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا اور اب ہر سال دو میٹنگیں ہوا کریں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ اردو کی معیاری کتابوں ، رسائل و جرائد کی خریداری کی جا سکے اور ان کی حوصلہ افزائی ممکن ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ پچاس لاکھ کی خریداری کا ریکارڈ اسی لیے ممکن ہو سکا ہے کیونکہ کونسل نے امسال کتابوں کی تھوک خریداری دوسری مرتبہ کی ہے۔ اس میٹنگ میں 189 اردو کتابیں،11 نئے رسائل و جرائد، 9عربی و فارسی کتابیں اور 40 پرانے رسائل کے لیے منظوری دی گئی۔ انھوں نے تمام مدیران سے اپیل بھی کی کہ وہ اپنے رسائل و جرائد RNI سے چھہ ماہ کے اندر رجسٹرڈ کرالیں تاکہ انھیں مراعات فراہم کرنے میں کونسل کو آسانی ہو سکے اور اپنے رجسٹریشن کی بنا پر وہ دیگر اداروں سے بھی مالی امداد حاصل کرسکیں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ اردو قلمکار ہرگز مایوس نہ ہوں بلکہ وہ عہد حاضر کی ضرورتوں اور موضوعات کے پیش نظر تخلیقات و تصنیفات کا سلسلہ جاری رکھیں۔

میٹنگ میں پروفیسر فضیل احمد قادری، پروفیسر صغیر افراہیم ، غلام نبی خیال، پروفیسر علی احمد فاطمی، پروفیسر شہناز نبی، فیروز احمد بخت، اصغر ویلوری اور عابد رضا بیدار نے بھی شرکت کی اور کتابوں کی خریداری میں اپنی تجاویز کونسل کو پیش کیں۔ ان تمام اراکین نے اس ریکارڈ ساز خریداری کے لیے کونسل کو مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ کونسل کے اس قدم سے اردو قلم کاروں کو ایک نئی قوت ملی ہے۔

میٹنگ میں کونسل کے ریسرچ آفیسر جناب شاہنواز خرم، لائبریرین محترمہ ساجدہ بیگم، ریسرچ اسسٹنٹ ڈاکٹر قاسم انصاری ، محترمہ فرحا دیبا اور اقبال حسین نے بھی شرکت کی۔