کبڈی ورلڈ کپ: پاکستان اور بھارت آج فائنل میں مقدمقابل ہونگے

Kabaddi

Kabaddi

پٹیالہ (جیوڈیسک) چوتھے مینز کبڈی ورلڈ کپ 2013 کا فائنل آج دفاعی چمپئن بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ بھارت میں زور آزمائی اور دا پیچ سے بھر پور جاری میگا ایونٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں پاکستان اور میزبان بھارت نے عمدہ کارکردگی کی بدولت فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے۔

ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے امریکا کو زیر کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں میزبان اور دفاعی چمپئن بھارت نے انگلش ٹیم کو زیر کیا تھا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں اور دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

فائنل میں میزبان ٹیم کو ہوم کراوڈ اور گراونڈ کی وجہ سے پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہو گی تاہم اگر گرین شرٹس اعصاب کو قابو میں رکھ کر کھیلی تو بھارتی ٹیم کو نہ صرف ٹف ٹائم دے سکتی ہے بلکہ عالمی ٹائٹل جیتنے کی بھی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس میگا ایونٹ کے فائنل میں بھی دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا تھا تاہم فتح بھارت کے نام رہی تھی۔