دونوں ملکوں کا سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے حوالے سے مقابلہ ہو گا: شہباز شریف

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لدھیانہ (جیوڈیسک) بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل کہتے ہیں شہباز شریف کی آمد سے دونوں پنجاب کے تعلقات بہتر ہوں گے، فائنل سے پہلے رنگا رنگ تقریب میں گلوکارہ فریحہ پرویز کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔

کبڈی میچ کے فائنل سے پہلے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہون نے کہا پاکستان اور بھارت ایک دوسرے سے اقتصادی جنگ لڑیں گے، سائنس و ٹیکنالوجی، ترقی اور تعلیم کے حوالے سے ایک دوسرے سے مقابلہ ہو گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج یہاں آ کر بے حدخوشی ہو رہی ہے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میچ کھیلنے والی ہیں۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا پاکستان میچ جیتا تو آپ کے ہمسائے جیتے، بھارت میچ جیتا تو ہمارے ہمسائے جیت گئے۔ اس دوران وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے پنجابی میں بھی خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میچ ہوا تو وزیر اعلی بھارتی پنجاب اور تمام تماشائیوں کو بھی بلائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہاں سب کو سبزی حلوہ اور پٹھورے کھلائیں گے۔ اس سے پہلے وزیر اعلی شہباز شریف بھارتی شہرت بٹھنڈہ سے لدھیانہ پہنچے تو مشرقی پنجاب کے اعلی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین نے شہباز شریف کو گلدستے پیش کئے۔ بھارتی پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔